دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے عالمی تجارت کی دنیا میں اپنی معاشی طاقت کا ایک اور بھرپور مظاہرہ کردیا۔ 2026 کے ابتدائی 9 ماہ میں ملک کی بیرونی تجارت 3 ہزار ارب درہم کے قریب پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے تجارتی کارکردگی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی معاشی و سیاسی چیلنجز کے باوجود امارات نے اپنی تجارتی رفتار برقرار رکھی اور بین الاقوامی منڈیوں میں مضبوط مقام حاصل کیا۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے 10 بڑے تجارتی شراکت داروں کو برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 31 فیصد غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اماراتی مصنوعات کی عالمی طلب اور وسیع ہوتے تجارتی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔
شیخ محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات عالمی تبدیلیوں کے ساتھ تیزی سے ہم آہنگ ہو رہا ہے، بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط بنا رہا ہے اور نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی حاصل کرکے پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے اس اہم کامیابی پر صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، قومی ٹیموں اور عالمی تجارتی شراکت داروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔





