دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے خاندانی سیاحت کے عالمی نقشے پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرلی، دبئی اور ابوظہبی دنیا کے پانچ بہترین فیملی ٹورازم مقامات میں شامل ہوگئے۔
ریڈیکل اسٹوریج کی 2026 کی عالمی درجہ بندی کے مطابق دبئی نے 10 میں سے 6.5 پوائنٹس حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ابوظہبی 6.1 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔ جاپان کا شہر ٹوکیو پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
رپورٹ کی سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ تحفظ اور سلامتی کے عالمی انڈیکس میں دبئی اور ابوظہبی نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، دونوں شہروں نے 88.7 پوائنٹس حاصل کرکے دنیا کے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور سیاحتی مقامات کی دستیابی میں بھی ابوظہبی نے عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ دبئی میں بچوں اور خاندانوں کے لیے 86 تفریحی مقامات اور سرگرمیاں موجود ہیں۔
دبئی نے سستے ہوٹلوں کی سہولت میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی، جہاں فی رات اوسط ہوٹل اخراجات 53 یورو رہے، جبکہ خاندانوں کے لیے موزوں 642 رہائشی مقامات کے ساتھ امارت عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر رہی۔





