ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں علم، قابلیت اور محنت کا شاندار امتزاج دیکھنے میں آیا، جہاں ہائر کالجز آف ٹیکنالوجی (HCT) نے اپنی تاریخ کے سب سے بڑے گریجویشن بیچ کا جشن منایا۔ تعلیمی میدان میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے 18 گریجویٹس کو گاڑیوں کے قیمتی تحائف سے نوازا گیا۔
ابوظہبی کے اتحاد ارینا میں منعقدہ پروقار تقریب میں وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے شرکت کی۔ سال 2025-2026 کے دوران 6 ہزار 700 سے زائد طلبہ نے تعلیم مکمل کرکے عملی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہے۔
اس سال 804 گریجویٹس نے امتیازی اور اعزازی درجات میں کامیابی حاصل کی، جبکہ 12 فیصد سے زائد طلبہ کا مجموعی جی پی اے 3.5 یا اس سے زیادہ رہا۔
14 طلبہ نے 4.0 کا مکمل جی پی اے حاصل کرکے اپنی محنت، ذہانت اور تعلیمی لگن کا لوہا منوایا۔ تین گریجویٹس نے 3.99 اور ایک خصوصی طالب علم نے 3.58 جی پی اے کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔
تعلیمی میدان میں ناقابلِ فراموش کامیابی حاصل کرنے والے 18 گریجویٹس کو گاڑیاں بطور انعام پیش کی گئیں۔ اے ڈبلیو روسٹمانی گروپ نے پانچ گاڑیاں فراہم کیں، جبکہ دبئی اسلامک بینک، ایمریٹس ٹرانسپورٹ اور دیگر شراکت دار اداروں نے بھی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں اپنا کردار ادا کیا۔
یہ اقدام نوجوانوں کی قابلیت کو سراہنے اور محنت کو کامیابی میں بدلنے کے سفر کی بھرپور پذیرائی کا مظہر ہے۔
تقریب میں ایسے نوجوانوں کی کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا گیا جنہوں نے تعلیم کے ساتھ عملی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ابوظہبی کی گریجویٹ اسما عبدالحامید البشر نے ڈپلومہ مکمل کرتے ہی ملازمت حاصل کی اور اب ایکچوریل سائنس میں بیچلر ڈگری کے لیے مزید تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
راس الخیمہ کے سالم عبید الزعابی نے میکاٹرونکس انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے دوران خودکار بغیر پائلٹ طیارہ تیار کرنے والی ٹیم کی قیادت کی اور کینیڈا میں تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔
دبئی کے حامد مروان العجمانی نے کمپیوٹر انفارمیشن سائنس میں تعلیم کے ساتھ ملازمت، رضاکارانہ خدمات اور قومی خدمت جاری رکھی، جبکہ قطر میں ایک مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
ہائر کالجز آف ٹیکنالوجی کے مطابق گزشتہ پانچ تعلیمی سالوں میں گریجویٹس کی سالانہ اوسط ملازمت کی شرح 88 فیصد رہی، جبکہ 2024-2025 کے فارغ التحصیل طلبہ میں یہ شرح 86 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
2026 کے گریجویٹس میں سے 4 ہزار 400 سے زائد نوجوانوں نے تعلیم مکمل کرنے کے 12 ماہ کے اندر ملازمت حاصل کی۔ 2019 سے 2025 کے دوران ملازمت حاصل کرنے والے گریجویٹس میں 72 فیصد نے نجی شعبے میں خدمات انجام دینے کو ترجیح دی۔
1988 میں قائم ہائر کالجز آف ٹیکنالوجی اب تک 95 ہزار سے زائد گریجویٹس تیار کرچکا ہے۔ ادارے میں اس وقت 25 ہزار سے زائد طلبہ 54 مختلف تخصصات میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔





