ابوظہبی (جانب منزل نیوز) یواے ای سمیت دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا ،جس میں سفارت خانہ کے سٹاف، ان کے خاندانوں اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔
اس موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جس میں انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور بانی پاکستان سمیت دیگر ولولہ انگیز قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ 23 مارچ 1940 کی قرارداد پاکستان کی منظوری کے تاریخی موقع اور پاکستان کی جدوجہد کے حوالہ سے خصوصی دستاویزی پروگرام دکھائے گئے۔ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں پاکستانی ناظم الامور سلمان شریف نے قومی پرچم لہرایا اور اس تاریخی موقع پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد دی۔
انہوں نے پاکستان کے خالقوں اور شہدا کو ان کی قربانیوں اور جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے قائداعظم کو تاریخی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا جس کی وجہ سے برصغیر کے مسلمانوں کو دنیا کے نقشہ پر ایک الگ ملک تحفہ میں ملا۔ انہوں گزشتہ 75 سال سے پاکستان کو درپیش چیلنجوں پر بھی روشنی ڈالی جن کے باوجود قوم ترقی و خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہے۔
ماسکو میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے تقریب کی صدارت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ برسلز میں ناظم الامورسید فراز حسین زیدی نے تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ ابوظہبی میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔مصر میں پاکستانی سفارت خانہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی سفیر ساجد بلال نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔