مسقط (جانب منزل نیوز) پاکستان سکول مسقط نے ”ایچ بی ایل کا ہیرو کرکٹ ٹورنامنٹ 2023“ جیت لیا۔ چار روزہ اسپورٹس فیسٹول جو 15 مارچ 2023 کو شروع ہوا تھا میں ایچ بی ایل کے ایکسچینج پاٹنرز، پاکستان اسکول مسقط اور سفارتخانہ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل پاکستان سکول مسقط اور ماڈرن ایکسچینج کے درمیان کھیلا گیا۔ پی ایس ایم کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں144 رنز بنائے جواب میں ماڈرن ایکسچینج کی ٹیم مقررہ ہدف تک نہ پہنچ سکی اور یوں فائنل پی ایس ایم نے جیت لیا۔
پاکستان کے دو لیجنڈز محمد عرفان اور عمران نذیر ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی تھے۔ فائنل کے مہمان خصوصی شیخ فیاض علی شاہ تھے جبکہ مہمان اعزاز میاں محمد ریاض تھے۔ٹورنامنٹ کو پاکستان کے سب سے بڑے بینک ایچ بی ایل نے سپانسر کیا تھا۔ پی ایس ایم کے کپتان اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز امیر حمزہ نے عظیم الشان ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ایچ بی ایل کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مہمان خصوصی فیاض علی شاہ نے بھی رنر اپ اور جیتنے والی دونوں ٹیموں کو سراہا اور اس طرح کے کامیاب کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں HBL کی زبردست شراکت کو سراہا۔
سفیر پاکستان عمران علی چوہدری کی جانب سے پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار امجد محمود نے بھی دونوں ٹیموں اور HBL کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ طلباء، والدین، فیکلٹی ممبران، معززین کمیونٹی کی بڑی تعداد نے فائنل میچ دیکھا اور ٹیموں کو خوب داد دی۔ ”HBL کا ہیرو کرکٹ ٹورنامنٹ 2023” نے نوجوان، باصلاحیت کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور خطے کی کچھ بہترین ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ٹورنامنٹ کی کامیابی سلطنت عمان میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے اچھی علامت ہے اور یقینی طور پر کرکٹرز کی نئی نسل کو متاثر کرے گی۔
اس موقع پر فیملی فیسٹول کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کے لیے جھولے ،کارٹون کریکٹرز اور فیس پینٹنگز بالکل مفت تھی۔ ایکسچینج کمپنیوں نے بھی اپنے سٹال لگائے تھے انہوں نے شرکاءمیں گفٹ تقسیم کیے۔ ایچ بی ایل ایسا ہی ٹورنامنٹ تیس مارچ سے رمضان المبارک میں سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں بھی منعقد کرنے جا رہا ہے۔ سید احسن عباس ہیڈ گلوبل ریمیٹنس بزنس ایچ بی ایل ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان سے خصوصی طور پر آئے تھے۔ انہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل ایسی صحت مندانہ سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھے گا۔ ہمارا مقصد ہے پاکستانی زیادہ سے زیادہ قانونی طور پر زرمبادلہ اپنے ملک بھجوائیں۔
محمد مدثر ڈپٹی جنرل مینجر ریمیٹنس بزنس یوا ے ای ، اومان نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بہت محنت کی۔ٹورنامنٹ کی کامیابی انہی کی کوششوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستانی شہریوں میں شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھیجیں۔ہم ایسا ہی ٹورنامنٹ ریاض میں بھی منعقد کرنے جا رہے ہیں۔