دبئی (جانب منزل نیوز)یو اے ای کا راشد مون روور کامیابی سے لانچ کر دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے اتوار کے روز راشد مون روور کو کامیابی سے لانچ کیا جو چاند کی سطح پر اس کا پہلا مشن ہے۔
راشد مون روور کو امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ اسپیس فورس اسٹیشن سے اسپیس ایکس فالکن-9 راکٹ پر جاپانی مون لینڈر ہاکوٹو-آر کے ساتھ لانچ کیا گیا۔
دبئی میں محمد بن راشد خلائی مرکز کے مطابق راشد مون روور قیمتی ڈیٹا اور تصاویر فراہم کرنے کے ساتھ نظام شمسی، زمین اور زندگی سے متعلق معاملات پر سائنسی ڈیٹا اکٹھا کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے لانچ کے بعد ٹویٹ کیا کہ “راشد مون روور متحدہ عرب امارات کے اہم خلائی پروگرام کا حصہ ہے، جو چاند کی سطح کے لیے لانچ کیا گيا ہے۔”
اماراتی خلائی مرکز نے ستمبر میں چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مشترکہ خلائی تحقیق کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس میں چانگ-7 راکٹ پر چاند پر اگلا اماراتی روور بھیجنے کا پروگرام ہے جسے 2026 میں لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔