چٹاگام (جانب منزل نیوز)انڈیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 227 رنز سے شکست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش کے شہر چٹاگام میں انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان بین الاقوامی ایک روزہ سیریز کے تیسرے میچ میں انڈین بیٹسمین ایشان کشن کے طوفانی 210 رنز اور ویراٹ کوہلی کے 113 رنز کی اننگز کی بدولت انڈیا نے 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 409 رنز بنائے۔
جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 182 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور 227 رنز سے میچ ہار گئی۔ بنگلہ دیش پہلے دو میچ جیت کر پہلے ہی ون ڈے سیریز 2-1 سے جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔
مگر آج کھیلے جانے والے میچ میں انڈین بلے بازوں نے گذشتہ دو میچوں کی ہار کا بدلہ چکا دیا ہے۔
انڈین بیٹسمین ایشان کشن نے 210 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ ویراٹ کوہلی نے بھی تقریباً 40 ماہ بعد ون ڈے میں سنچری بنائی ہے۔ان دونوں کے علاوہ واشنگٹن سندر نے 37 اور اکشر پٹیل نے 20 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، عبادت حسین اور شکیب الحسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کی اننگز میں شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جب کہ کپتان لٹن داس نے 29، یاسر علی نے 25 اور محمود اللہ نے 20 رنز جوڑے۔