اسلام آباد (جانب منزل نیور) پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کے دورے کے دوران چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر گفتگو کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو 24 کروڑ پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے سپوت کی کامیابی پر فخر ہے، پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔
زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر موجود محمد ذیشان علی 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے خلا میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، جہاں وہ سائنسی تحقیق اور مشن کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں۔۔۔ پاکستان کے نوجوانوں کے خواب اب خلا کی وسعتوں میں نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔





